پاکستانی فلم ’جوئے لینڈ‘ کانز فلم فیسٹیول میں نمائش کیلئے منتخب

Apr 18, 2022

لاہور (کلچرل رپورٹر)پاکستانی فلم ساز صائم صادق کی فیچر فلم’جوئے لینڈ‘ کانز فلم فیسٹیول میں نمائش کیلئے منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی ہے۔کانز فلم فیسٹیول نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر اعلان کیا ہے کہ پاکستانی فلمساز صائم صادق کی فیچر فلم ’جوئے لینڈ‘ کو کانز فلم فیسٹیول کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر نمائش کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ فیچر فلموں کی کیٹیگری صرف 14 فلموں کی محدود تعداد ہوتی ہے اور یہ ناقابل یقین اور فخر یہ لمحہ ہے کہ ایک پاکستانی فلم نے تاریخ میں پہلی بار اس کیٹیگری میں جگہ بنائی ہے۔ اداکارہ ماہرہ خان نے بھی کانز فلم فیسٹیول میں نمائش کیلئے پاکستانی فلم کے منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔اْنہوں نے فلم کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ’پوری ٹیم کو اور پاکستان کو مبارک ہو۔اداکار عثمان خالد بٹ نے لکھا کہ زبردست اور پاکستانی سینما کیلئے بہت بڑا اور فخریہ لمحہ ہے۔ جبکہ آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اس سال کانز میں ایک پاکستانی فلم ہے۔ اْنہوں نے فلم ساز صائم صادق کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ’ ان کیلئے اس سے زیادہ فخریہ لمحہ کوئی اور نہیں ہوسکتا۔

مزیدخبریں