لاہور(خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹ

Apr 18, 2022

لاہور(خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے پنجاب اسمبلی میں ہونیوالے ہنگامہ آرائی ، مارکٹائی، بدتمیزی اور بیرونی عناصر کی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو جمہوری روایات کا قتل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے پارلیمنٹرینز کے ہاتھوں ایوان کا تقدس پامال ہونا شرمناک حرکت ہے۔ 16 اپریل کو پنجاب کی پارلیمانی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔جب ہر قسمی وضعداری اور ملنساری کی سیاست کو دفن کر کے گجراتی اسٹائل بدمعاشی کو فروغ دے کر پوری دنیا اور آنے والی نسلوں کو منفی پیغام دیا گیا۔ پنجاب اسمبلی واقعہ سے جگ ہنسائی ہوئی ہے۔سیاست میں تحمل برداشت اور رواداری کا خیال رکھا جانا چاہیے۔ یہ کوئی بات نہیں کہ آپ اقتدار میں ر ہیں تو ٹھیک اور آپ کے اقتدار کو خطرہ ہو تو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور آئین کی دھجیاں اڑا دی جائیں۔انہوں نے کہا ڈپٹی اسپیکر کو تشدد کا نشا نہ بناکر آئینی عمل کو روکا گیا۔سیکرٹری اسمبلی سپیکر پنجاب اسمبلی کے ذاتی ملازم ہونے کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ افسوسناک بات ہے کہ گورنرپنجاب عمر سرفراز چیمہ بھی حقائق کو سامنے رکھنے کی بجائے ،اپنی پارٹی لائن پر جھوٹ کا ساتھ دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں