راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) مسلم لیگ ن کے ممبر ڈسٹرکٹ کونسل ملک مسعود کلیامی ایڈووکیٹ نے میاں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقی کا جو سفر ن لیگ کے دور میں ادھورا رہ گیا تھا حمزہ شبہاز اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پنجاب کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی اور ق لیگ نے جس طرح سے غنڈہ گردی کی اس کے باوجود ہماری جماعت کے ایم پی ایز نے برداشت کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دیا ۔ اپنے بیان میں ملک مسعود کلیامی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ترقی کی علامت ہے میاں حمزہ شہباز میں قابلیت ہے کہ وہ پنجاب کو دوبارہ ایک بہترین صوبہ بنائیں گے ۔ سابقہ حکومت کے نااہل حکمرانوں نے صوبہ کا بیڑہ غرق کر دیا اب ن لیگ کی حکومت میں دوبارہ ہم اپنے صوبے کو ترقی دلائیں گے ۔
انہوں نے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر پر ہونے والی غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں کرائے غنڈے منگوا کر جس طرح ماحول خراب کیا گیا اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ ن لیگ نے ہمیشہ آئین اور قانون کی پاسداری کی ہے اور اس آئین کو مقدم رکھنے کے لیے عدالتی حکم پر جس طرح وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہوا وہ خوش آئند ہے ۔