من پسند کوسرکاری ملاتیں میرٹ کی خلاف ورزی ہے :جھالاوان ایکشن کمیٹی

Apr 18, 2022


خضدار (نامہ نگار) جھالاوان ایکشن کمیٹی خضدار کے رہنماؤں ڈاکٹر حضور بخش زہری صابر حسین قلندرانی عبدالنبی بلوچ ،مفتی جاوید احمد منصوری بشیر احمد حلیمی محترمہ فرزانہ سحر جاموٹ  آغا ذوالفقار علی شاہ،رضا محمد خدرانی ،لعل جان لانگو،بشیر احمد رئسیانی   اور دیگر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ   ماضی میں ضلع خضدار میں تمام محکمہ جات کی پوسٹوں پر تسلسل کے ساتھ میرٹ کی پامالی اور من پسند افراد کی تعیناتی با اثر شخصیات کے توسط سے اورمبینہ طور رشوت ستانی یا اقربا پروری کا شکار ہوئے جبکہ دوسری جانب والدین نے اپنی جمع پونجی، زیورات، بیچ کر اپنی اولادکو کافی مشکلات کے باوجودا پنا پیٹ کاٹ کر بہتر ین تعلیم دلائی  مگر بدقسمتی سے اثر رسوخ، رقم نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے غریب بچوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہمارے متوسط طبقے کے نوجوان بے روز گاری کی وجہ سے احساس کمتری اور منشیات جیسی لعنت اور مختلف جرائم کا شکار ہورہے ہیں اور بے روزگاری کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں با آسانی استعمال ہو جاتے ہیں جس سے ہمارے ملک و معاشرے میں آئے روز بدامنی دہشت گردی کے جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ  بلوچستان ایک پسماند صوبہ ہے بالخصوص ضلع خضدار انتہائی پسماندگی کا شکار ضلع ہے یہاں نہ کوئی روز گار ہے اور نہ کوئی ذرائع آمدن جیسے کارخانہ صنعت و دیگر معاشی ذرائع نہ ہونے کے برابر ہے اور یہاں پر صرف انحصار سرکار ملازمتوں پر ہی ہے اسی طرح  گزشتہ ماہ جھالاوان میڈیکل کالج خضدار کی ڈھائی سو کی تعداد میں ملازمتوں کو مشتہر کیا گیا ان میں بھی 1 سے 14 چودہ گریڈ تک ملازمتوں پر میرٹ کی دھجیاں اڑا  کر من پسندافراد کو نوازا  گیادوسری جانب  جھالاوان میڈیکل کالج میں سالہا سال سے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز کی بنیاد پر ملازمت کر نے والے افرادکو بھی بری طرح نظر انداز کر دیا گیا ۔   اس سے قبل   ضلع خضدار میں دیگر محکموں  بالخصوص محکمہ صحت کی پوسٹوں پر نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرنے کے پاداش میں آل پاکستان پیرامیڈیکل سٹاف فیڈ ریشن کے اہم عہد یدارکو ٹارچر کیا گیا اور انتقامی کارروائی کرتے ہوئے   جنرل سیکرٹری کو بھی منشیات کی جعلی مقدمے میں پابند سلاسل کیا گیا ۔ وزیراعلی بلوچستان  چیف سیکرٹری بلوچستان سیکریٹری صحت سے مطالبہ کیا ہے  کہ خضدا رمیں جھالاوان میڈیکل کالج سمیت دیگر تمام محکمہ جات میں بھرتیوں کا صاف و شفاف تحقیقات کرائیں اور نوجوانوں کے ساتھ نا انصافی کا ازالہ کیا جائے۔

مزیدخبریں