ملتان،وہاڑی (نمائندہ خصوصی، کرائم رپورٹر) ملتان وگردونواح میں مقیم مسیحی کمیونٹی کی طرف سے ایسٹر کا مذہبی تہوار منایا گیاگرجا گھروں میں خصوصی عبادات منعقد کی گئیں جس میں مسیحی کمیونٹی کثیر تعداد میں شرکت کی گرجا گھروں اور مسیحی آبادی والے علاقوں میں سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر کی زیر نگرانی ملتان پولیس کی طرف سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ایسٹر کے دوران شہر بھر میں 42 چرچز میں پروگرام منعقد کیے گئے ہیں جن میں سے 3 چرچز کو حساس قرار دیا گیا ہے اس موقع پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ملتان پولیس کے 579 پولیس افسران سمیت 90 خواتین پولیس افسران بھی ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہیں ایس ایس پی آپریشنز ملتان حسام بن اقبال اوارآل نگران ہیں جو وقتاً فوقتاً تمام تر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔وہاڑی سے کرائم رپورٹرکے مطابق وہاڑی میں بھی مسیحی برادری نے پوری مذہبی آزادی کے ساتھ ایسٹر کا تہوار روایتی جوش وخروش سے منایا انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر کے گرجا گھروں کی فل پروف سیکورٹی کی گئی گرجا گھروں میں پادری سلمان کیلون،کیپٹن نوید اختر،فادر ندیم پطرس،پاسٹر ممتاز ساون نے ملک کی سلامتی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں فل پروف سیکورٹی اور اچھے انتظامات پر ڈی سی خضر افضال چوہدری اور ڈی پی او طارق عزیز کا شکریہ ادا کیا۔جہانیاں سے نامہ نگار،نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مسیحی برادری کی جانب سے ایسٹر ڈے کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا اس حوالے سے جہانیاں اور ٹھٹھہ صادق آباد اور نواحی چکوک کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کرتے ہوئے ملکی امن و سلامتی استحکام پاکستان کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اس موقع پر پولیس تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد کی طرف سے گرجا گھروں کے باہر پولیس سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ۔ دریں اثناء جہانیاں کے نواحی قصبہ میں قائم گندم خریداری سنٹر ٹھٹھہ صادق آباد پر محنت مزدوری کرنے والے کرسیچن مزدوروں میں فوڈ سنٹر انچارج چوہدری عبدالطیف کمبوہ کی طرف سے مٹھائی اور تحائف پیش کرتے ہوئے ایسٹر ڈے کی مبارکباد پیش کی گئی اس موقع پر فوڈ سپروائزر رشید احمد سیال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
ایسٹر
مسیحی برادری نے ملک بھر میں ایسٹر مذہبی جوش وخروش سے منایا
Apr 18, 2022