وزیر اعظم شہباز شریف نے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے انتھک کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔آج پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ اورنج لائن میٹرو بس سروس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ حسب عادت اسی رفتار سے کام کریں گے۔وزیر اعظم نے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ایئر پورٹ میٹرو بس سروس کو فعال بنانے میں تاخیر پر افسوس ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کے باسیوں کیلئے ایک تحفہ تھا، یہ دو ہزار سترہ میں شروعی کیا گیا اور اسے دو ہزار اٹھارہ میں فعال ہونا تھا تاہم دوسرے منصوبوں کی طرح گزشتہ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے اس منصوبوں کو بھی تاخیر کا شکار کیا، انہوں نے کہا کہ عزم اور جذبے کی کمی کی وجہ سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا، اس کی اور کوئی وجہ نہیں ہے کیونکہ اس کیلئے فنڈز دستیاب تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران اس میٹرو سروس کو استعمال کرنے والے مسافروں سے کرایہ نہیں لیا جائے گا، انہوں نے کہاکہ اس سروس کو چلانے کیلئے پنجاب میٹرو اتھارٹی سے پندرہ بسیں لی گئی ہیں۔شہباز شریف نے پبلک ٹرانسپورٹ کے اس منصوبے میں کردار ادا کرنے پر چین اور ترکی کا شکریہ ادا کیا ، انہوں نے چین پر زور دیا کہ وہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر نظرثانی کرے کیونکہ اس منصوبے سے کراچی کے عوام کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ چین ایک عظیم دوست جو ہمیشہ سے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستان کی معاشی ترقی میں بھر پور ادا کرتا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے خطے کی تقدیر بدل دے گا۔وزیر اعظم نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر ترقی کی بھی تعریف کی۔قبل ازیں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی عامر علی احمد نے کہا کہ بس سروس کے لیے ٹکٹنگ سسٹم مکمل کر لیا گیا ہے جسے جلد ہی نصب کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایپ بھی لانچ کی جا رہی ہے جو مسافروں کو اس سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے آن لائن ٹکٹ خریدنے میں سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ روات سے فیض آباد تک میٹرو بس کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔