آئی جی کے صوبہ بھر میں حساس و عوامی مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات

Apr 18, 2023

لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے رمضان المبارک کے آخری ہفتے کے دوران صوبہ بھر میں حساس و عوامی مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ فورس کے نام پیغام میں آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں مذہبی و عوامی مقامات بشمول مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر حساس پوائنٹس کی سکیورٹی کیلئے اضافی دستوں کو تعینات کیا جائے اور مساجد میں نماز تراویح اور محافل شبینہ کی سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت بہترین انتظامات کئے جائیں۔ شاہرات پر ٹریفک کی بلا تعطل ہموار روانی کو یقینی بنانے کیساتھ ساتھ ڈاکوؤں و راہزنوں کو پابند سلاسل کرکے بازاروں کی رونقوں کو قائم رکھا جائے۔ بہتر فیلڈ پٹرولنگ اورجدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے یقینی بنائیں تاکہ عید شاپنگ کیلئے جانے والی کسی فیملی کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کسی ایک جگہ پر بھی بدمعاشوں، غنڈوں، منچلوں اور اوباشوں کی سرگرمیوں سے شاپنگ کیلئے نکلنے والی فیملیز کو پریشان نہ ہونا دیا جائے جبکہ پولیس ٹیمیں بازاروں میں آنے والی فیملیزکی سکیورٹی اور سہولت کا ویسے ہی خیال رکھیں جیسے اپنی فیملیز کی سکیورٹی کا خیال رکھا جاتا ہے۔ ڈاکوؤں، راہزنوں، بدمعاشوں، غنڈوں، اوباشوں و منچلوں کو پابند سلاسل کرکے معاشرے میں احساس تحفظ کی فضا کو فروغ دیا جائے جبکہ بینکوں، کمرشل مقامات اور اے ٹی ایم مشینوں سے پیسہ نکالنے والے شہریوں کی سکیورٹی کو بطور خاص مد نظر رکھا جائے۔ یہ ہدایات آئی جی پنجاب نے گزشتہ روزسنٹرل پولیس آفس میں رمضان المبارک کے آخری ہفتے کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے فورس کیلئے خصوصی پیغام میں جاری کئے ہیں۔

مزیدخبریں