لاہور ( خصوصی نامہ نگار )وزیر اوقاف سیّد اظفر علی ناصر اور سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے تاریخی بادشاہی مسجد اور داتا دربار میں ختم قرآن کی روح پرور تقریبات اور ستائیسویں شَب کے ایمان افروز اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مکمل ضابطہ حیات، اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی عروج ممکن ہے۔ ماہِ رمضان میں قرآنی افکار کی ترویج کا خصوصی اہتمام کر کے، قلب و روح کے تزکیہ کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ رمضان المبارک تزکیہ و طہارت اور غم خواری و غمگساری کا مہینہ ہے، دوسروں کی مدد کر کے اپنے لیے بر کتیں سمیٹنا خیر کا باعث ہے۔ ماہ ِ رمضان المبارک میں محکمانہ سطح پر اوقاف کی تمام مساجد میں قرآن فہمی کے خصوصی دروس اور کلاسیں، سحر و افطار اور اعتکاف و محافل ِ شبینہ کے اہتمامات پرپوری اوقاف ایڈ منسٹریشن لائق ِ مبارکباد ہے۔ اس موقع پر بادشاہی مسجد میں مولانا سیّد عبد الخبیر آزاد اور داتا دربار میں مفتی محمد رمضان سیالوی نے استقبالیہ خطبہ میں مہمانوں کا شکریہ اور محکمہ کی اعلیٰ کاکردگی پر وزیر اوقاف و سیکرٹری اوقاف کو مبارک پیش کی۔