لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاہے کہ معاشرے سے مادہ پرستی اور گناہوں کی دھول شب قدر کی برکتوں سے اتر سکتی ہے۔ یہ رات انسان کی انسانیت کی تکمیل اور اس کی روحانی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی ہے۔ ایسے قیمتی لمحات قسمت سے ملتے ہیں، سرمائے سے خریدے نہیں جاتے۔ یہ رات بخشش اور مغفرت کا تحفہ لے کر آتی ہے۔ یہ رات اْمت مسلمہ کو سال سے زیادہ انتظار نہیں کرواتی اور پھر بخشش کی نئی برسات کے ساتھ آ جاتی ہے۔ یہ رات محاسبہ نفس اور فکر آخرت کی رات ہے۔ یہ میلے کی نہیں، بلکہ گناہوں کا میل اتارنے کی رات ہے۔ لیلتہ القدر کو جاگنے سے بندے کے مقدر جاگ جاتے ہیں۔ اس رات میں رحمتوں کے کھلے دروازے چودہ صدیوں سے مسلمانوں کے لیے جنت کا اہتمام کر رہے ہیں۔