لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق اور کرکٹر ذوالقرنین نے ملک کے معروف دینی ادارہ جامعہ اشرفیہ لاہور کا دورہ کیا انہوں نے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم، مولانا حافظ اسعد عبید، مفتی شاہد عبید اور مولانا مجیب الرحمن سمیت دیگر علماء سے ملاقات کی اور جامعہ اشرفیہ کی مسجد حسن میں سینکڑوں معتکفین اور نمازی حضرات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں نافرمانی سے بچنے اور تقوی اختیار کرنے کا حکم دیا ہے آج اگر ہم تقوی والی زندگی اختیار کرکے اللہ تعالی کے احکامات اور شریعت کی پابندی کرتے ہوئے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک ایک سنت پر عمل پیرا ہوجائیں تو غیر مسلم ہمارے نورانی اعمال اور پاکیزہ کردار کو دیکھ کرہی ایمان قبول کرلیں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں نمازوں کی پابندی اور دیگر عبادات کے ساتھ ساتھ ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم نے اسی طرح سارا سال اور تمام زندگی نمازوں کی پابندی اور تقوی والی زندگی اختیار کرنی ہے اس موقعہ پر انہوں نے دعوت و تبلیغ کی اہمیت اور ضرورت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کی بدولت اس امت میں یہ دعوت و تبلیغ والا کام کرنا ہے اس کے لئے انہوں نے معتکفین اور نمازی حضرات سے چار ماہ چلہ اور تین دن اللہ کے راستہ پر لگانے کے ارادے بھی کروائے۔