لاہور (کامرس رپورٹر) چائنا بیلٹ اینڈ روڈ پروگرام کی دسویں سالگرہ کے موقع پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور ”سٹار مون روڈ؛چین پاکستان مبادلہ فنون نمائش“ کا اہتمام کرنے جا رہی ہے۔ لاہور میوزیم کے اشتراک سے منعقد ہونے والی یہ نمائش 3 مئی 2023ء سے 5 مئی 2023ء تک یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے مرکزی کیمپس ٹاو¿ن شپ اور 4سے 7 مئی تک لاہور میوزیم میں جاری رہے گی، جہاں غیر ملکی و ملکی آرٹسٹوں کے فن پاروں کی نمائش ہو گی۔ نمائش کی افتتاحی تقریب3 مئی کو یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے مرکزی کیمپس ٹاو¿ن شپ میں ہو گی، جس میں ملک کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات، مختلف جامعات کے وائس چانسلر، دانش ور اور چینیوں سمیت ملک کے معروف آرٹسٹ شرکت کریں گے۔ اس ضمن میں ایک اہم اجلاس گزشتہ روز یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے مرکزی کیمپس میں ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز، ہلالِ امتیاز) نے کی۔ اجلاس میں نمائش کے لئے قائم کی گئیں تمام کمیٹیوں کے سربراہان نے شرکت کی اور اپنی ذمہ داریوں کے متعلق وائس چانسلر کو بریفنگ دی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز، ہلالِ امتیاز) نے تمام کمیٹیوں کے سربراہان کو انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ سی پیک کی دسویں سالگرہ کے موقع پر جامعہ کی طرف سے چین پاکستان مبادلہ فنون نمائش کا انعقاد بلاشبہ دوست ملک سے ہماری محبت کا عملی ثبوت ہے۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد سمیت نمائش کےلئے قائم تمام کمیٹیوں کے سربراہان موجود تھے۔