پٹرول پمپس کے زیر التوا این او سی کے اجراءکا حکم خوش آئند:طارق وزیرعلی

Apr 18, 2023


 لاہور(کامرس رپورٹر ) آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کو پٹرول پمپس کے زیر التوا این او سی جاری کرنے کے حکم کو سراہتے ہوئے خوش آئند قرار دے دیا۔ ایک بیان میں چئیرمن آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن طارق وزیر علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کئی سالوں سے زیر التوا پٹرول پمپ کے این او سی جاری کرنے کا حکم دیا ہے جو نا مناسب معاشی حالات میں آئل انڈسٹری کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اس حکم سے صوبہ بھر میں روزگار کی 30 ہزار سے زائد مواقع میسر آئینگے۔ مہنگائی کی حالیہ لہر کے باعث کئی افراد بےے روزگار ہوئے ہیں جبکہ یہ فیصلہ ہزاروں خاندانوں کے بند چولہے رواں کرنے میں کارگر ثابت ہو گا۔متعلقہ اداروں کی جانب سے یہ این او سی کئی عرصے سے زیر التوا تھے جبکہ اب تک 1200 سے زائد پٹرول پمپس کے این او سی جاری نہیں کیے گئے تھے۔ اگر اتنی تعداد میں پٹرول پمپس کھلیں گے تو نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے بلکہ ملکی معیشت بھی مضبوط ہو گی۔ اس فیصلے سے سرمایہ کاروں کا نہ صرف اعتماد بحال ہوا ہے بلکہ انکی سرمایہ کاری بھی محفوظ ہوگئی ہے۔ اب ڈیلرز کو بھی چاہیے کہ وہ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر کے حکومت وقت کا ساتھ دیں جو اس وقت اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں گراوٹ سے آئل انڈسٹری شدید متاثر ہوئی اور اس وقت مشکلات کا شکار ہے۔ صوبائی حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وفاقی حکومت اور اوگرا بھی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کریں۔ پنجاب حکومت کے اس احسن اقدام سے متاثر ہو کر وزارت پٹرولیم اور اوگرا آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے کئی عرصے سے زیر التوا مسائل جلد سے جلد حل کرے۔

مزیدخبریں