مدینہ منورہ (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے چار سالہ دور میں لوگ بد حال ہوئے ۔ مسلم لیگ (ن) ہی عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالے گی۔ مسلم لیگ (ن) عوام کی جماعت ہے۔ چاہتے ہیں پورے ملک میں ایک ہی دن انتخابات ہوں تاکہ پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالا جاسکے۔ وہ یہاں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور اور چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف اور مرکزی کوآرڈی نیٹر پروفیسر حافظ سجاد قمر کے اعزاز میں اپنی جانب سے دی گئی دعوت افطار کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، حسین نواز، سہیل ضیاء بٹ سمیت دیگر فیملی ممبران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہاکہ 2018ء میں لاڈلے کو دھاندلی کے ذریعے لایا گیا اور اس ناکام تجربہ کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ اگر لاڈلے کو دھاندلی کے ذریعے نہ لایا جاتا تو آج پاکستان بہت آگے جا چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی جماعت ہے ، ہم الیکشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف پاکستان کا اثاثہ ہیں۔ نواز شریف نے پاکستان کو باعزت اور باوقار مقام تک پہنچایا ہے۔ پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ میاں نوازشریف پر قسمت مہربان ہے۔ پاکستان اس وقت جس مشکل صورت حال سے دوچار ہے نواز شریف ہی اسے بہتری کی جانب گارمزن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے عزم اور حوصلے سے مشکلات کا مقابلہ کیا ہے اور وہ اسی حوصلے کے ساتھ ملک کو دوبارہ بہتری کی طرف گامزن کر سکتے ہیں۔