لاہور+اسلام آباد (خبر نگار+وقائع نگار) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر لارجر بنچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔ دو رکنی بنچ نے نشاندہی کی کہ اسی نوعیت کی ایک درخواست پہلے ہی لارجر بنچ میں زیرسماعت ہے۔ مناسب ہوگا کہ اس دائر درخواست پر بھی لارجر بنچ ہی سماعت کرے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے عمران خان کی دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔ عمران خان سخت سکیورٹی میں وکلاء کے ساتھ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ سرکاری وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست میں خدشہ کا اظہار کیا گیا ہے، محض خدشات کی بنا پر درخواست ناقابل سماعت ہے۔ استدعا ہے کہ اسے مسترد کیا جائے۔ دوسری جانب عمران خان کی آج 18 اپریل کو ہائیکورٹ پیشی کیلئے آئی جی اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ کو سکیورٹی انتظامات کی ہدایت جاری کر دی گئیں۔ عمران خان کی 8 مقدمات کی درخواست ضمانت پر سماعت دن 2:30 بجے ہوگی۔