لاہور (نیٹ نیوز) عمران خان کی کارکنوں سے خطاب میں پشاور کی تنظیم پر تنقید کی ویڈیو وائرل۔ عمران خان نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ پشاور انہیں کمزور نظر آرہا ہے۔ لگتا ہے پشاور میں جنون ختم ہو رہا ہے۔ عمران نے خطاب میں پشاور سے آنے والے کارکنوں کا دریافت کیا تھا جس پر پشاور کے کارکنوں نے ہاتھ اٹھا کر جواب دیا۔ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی خیبر پی کے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ رمضان کا مہینہ ہے اس لئے کارکنوں کی تعداد میں شاید کوئی کوتاہی ہوئی ہو۔ اگلی بار کارکنوں کی کمی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور نے ہمیشہ پی ٹی آئی کا ساتھ دیا ہے۔ علاوہ ازیں عمران نے کہا کہ افطار کا مقصد آپ لوگوں سے ملنا اور آپ کی تربیت کرنا ہے۔ چاہتا ہوں آپ سب لیڈر بن جائیں۔ زیادہ تر انسانوں کو اپنے اندر چھپی صلاحیتوں کا پتہ نہیں چلتا۔ ہم نماز میں سیدھا راستہ مانگتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ جس انسان کو نعمتیں بخشتا ہے اس کی پرواز اونچی ہو جاتی ہے۔ انسان جتنی مشکلات کا سامنا کرتا ہے‘ اتنا مضبوط ہونا چاہئے۔ جب تک انسان خود ہار نہ مان لے کوئی چیز اس کو ہرا نہیں سکتی۔