لاہور+کراچی (خصوصی نامہ نگار+ این این آئی) ملک بھر میں گزشتہ رمضان المبارک کی ستائیسویں شب مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ لیلۃ القدر کے سلسلہ میں فرزندان اسلام اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوئے اور اپنے گناہوں کی رو رو کر معافی مانگی۔ ملک کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ ملک بھر کی مساجد میں جاری شبینہ محافل میں خصوصی عبادات کی گئیں۔ نوافل ادا کئے گئے۔ قیام الیل‘ شب بیداری اور شبینہ کی محافل ہوئیں جن میں ختم قرآن پاک ہوا۔ شہر کی تمام بڑی و چھوٹی مساجد میں شب بیداری کا اہتمام کیا گیا جبکہ خواتین نے بھی گھروں میں خصوصی محافل کا اہتمام کیا۔ بڑے اجتماعات میں مناجات کی عظیم محفل منعقد ہوئی جس میں اللہ تعالیٰ کے حضور اجتماعی توبہ و استغفار کیا گیا۔ سندھ میں آج عام تعطیل ہو گی۔