اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان واپڈا کے کپتان اولمپیئن توثیق ارشد نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی پروفیشنل سپر لیگ کروانی چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے توثیق ارشد کا کہنا تھا کہ ہاکی میں بین الاقوامی سطح کے نتائج حاصل کرنے کیلئے ڈیپارٹمنٹس میں ہاکی کی بحالی ضروری ہے۔ سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں نوکریوں کا کوٹہ بحال کرنے سے نوجوان نسل کھیلوں کی طرف راغب ہوگی جس سے کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دور ایسا تھا ہاکی میں پاکستان کے پاس تمام بڑے بڑے اعزازات تھے جن میں اولمپک ورلڈ کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز کے علاوہ دوسرے بین الاقوامی سطح کے ایونٹ شامل تھے۔ کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑی بھی تعلیمی اداروں سے ہی آگے آئے تھے۔ انکا کہنا تھا کہ سپانسر کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں کی ترقی میں بھی اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور اس کھیل میں پاکستان نے دنیا پر کئی سالوں تک حکمرانی کر رکھی تھی لیکن آہستہ آہستہ یہ اعزازات ہمارے ہاتھوں سے نکلتے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کے زیادہ سے زیادہ مقابلوں کا انعقاد ہونا چاہئے اور اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں بھی گراس روٹ لیول پر ہاکی ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے۔
نتائج حاصل کرنے کیلئے ڈیپارٹمنٹس میں ہاکی کی بحالی ضروری ہے: توثیق ارشد
Apr 18, 2023