توہین مذہب کا الزام: چینی سپروائزر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرہری پور جیل بھیج دیا گیا

ایبٹ آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے توہین مذہب کے الزام میں پولیس تحویل میں موجود داسو ڈیم کی تعمیر کے منصوبے کے چینی سپروائزر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔ ایبٹ آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ انہیں 5 مئی 2023 کو عدالت میں پیش کیا جائے۔پولیس کو درج تحریری شکایت میں ملزم کی شناخت مسٹر تیان کے نام سے ہیوی ٹرانسپورٹ سپروائزر کے طور پر کرواتے ہوئے کہا گیا کہ ہفتے کو ان کے ریمارکس نے کشیدگی کو جنم دیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سجاد احمد خان نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ توہین مذہب کا حساس کیس ہونے کی وجہ سے ملزم کی جان کو خطرہ ہے لہذا ملزم کو سکیورٹی مقاصد کے لیے سینٹرل جیل ہری پور میں جوڈیشل لاک اپ میں بھیج دیا جائے۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل ہری پور کو ہدایت کی کہ ضرورت پڑنے پر ڈی پی او ہری پور کی مدد سے ملزم کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن