بلوچستان کابینہ کے حلف میں ڈیڑھ ماہ سے زائد کی تاخیر ہوچکی ہے اس حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں ڈیڈ لاک کی صورت حال ہے میر سرفراز بگٹی نے دومارچ کو وزیر اعلی کا حلف اٹھالیا تھا لیکن ابھی تک کابینہ کی تشکیل نہیں ہوسکی ہے جبکہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال توجہ طلب ہے آئے روز دہشت گردی کے واقعات اور بارشوں نے صوبے کی عوام کو دوہری اذیت سے دوچار کیا ہوا ہے جبکہ سیاسی قیادت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام نظر آتی ہے گورننس کے مسائل روز بروز بڑھتے جارہے ہیں نوشکی واقعے میں ہونے والے قتل عام نے حکومتی دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔ شناختی کارڈ چیک کرکے کی جانے والی فائرنگ سے ہلاکتوں کا مقصد تعصب کو پروان چڑھانا ہے تاکہ وفاق کمزور ہو اور ملک دشمن قوتیں اپنے مذموم ایجنڈا کی تکمیل کرسکیں دہشت گرد کا کوئی دین نہیں ہوتا اور نہ ہی اس پر کسی مخصوص قوم کا لیبل لگانا درست ہوسکتا ہے دہشتگردی کوئی بھی کرے وہ ناقابل معافی عمل ہے لیکن جب دہشتگرد اپنے عمل سے تعصب کو فروغ دیں تو پھر لازمی اسکے پس پردہ مقاصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے بحیثیت قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دشمنوں کی جانب سے جائے جانے والی بیج کو درخت بننے سے قبل ہی جڑ سے اکھاڑ دیں یہ قومی خدمت ملک دشمنوں کو ناکام کرنے کیلئے از حد ضروری ہے اور اگر ہم تخریب کاروں کے بچھائے گئے جال میں پھنس گئے تو ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔سیاستدان بھی اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں جس صوبے میں وزیر داخلہ ہی تاحال موجود نہیں ہے وہاں امن وامان کی ذمہ داری وزیر اعلی پر ہی عائد ہوگی۔ میر سرفراز بگٹی بھی اسکے ذمہ دار ہیں بلوچستان میں عرصہ دراز سے بھارت زہر کے بیج بونے کیساتھ ساتھ تخریب کاری بھی کررہا ہے اسکے آلہ کار بننے والے ہوش کے ناخن لیں۔سی پیک کے آغاز کے بعد ملک دشمن قوتیں زیادہ متحرک ہوئی ہیں اور بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار رکھنے کیلئے یہاں پر امن قائم نہیں ہونے دے رہیں اور اب بھی شنید ہے کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کیلئے راہ ہموار کی جا رہی ہے تاکہ سی پیک بحال ہوسکے چین نے بشام میں چینی انجینیئرز کی ہلاکت کے بعد بھی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کیساتھ کھڑا رہا ہے اور یہی پاکستان کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہورہا سعودی وفد کے دورہ پاکستان سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا دروازہ کھل رہا ہے اسی طرح قطر کا اعلی سطحی وفد بھی پاکستان کاجلد دورہ کرنے والا ہے اور یہ دورہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کیساتھ ساتھ قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا باعث بنے گا اگر ان ممالک کیساتھ پاکستان کی مجوزہ شراکت داری سے شروع ہونے والے منصوبے مکمل ہو گئے تو پاکستان کی معاشی مشکلات کم ہو جائیں گی دہشت گرد بھی اسی لیئے متحرک ہوئے لگتے ہیں تاکہ پاکستان میں معاشی عدم استحکام رہے لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے جس انداز میں بیرونی سرمایہ کاری پاکستان میں لانے کیلئے جو حکمت عملی طے کی گئی ہے وہ کامیابی کی طرف گامزن ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ درست سمت میں صحیح اقدامات کئے جائیں تاکہ دہشتگردی کا خاتمہ ہوسکے۔
بلوچستان کابینہ کا حلف ڈیڑھ ماہ سے زیر التواء
Apr 18, 2024