لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ایونٹ میں شرکت کیلئے اوشیانا ریجن کے ملک ونواٹو کی ویمنز کرکٹ ٹیم چندہ جمع کرنے پر مجبور ہوگئی۔ونواٹو کو ابوظہبی میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ گلوبل کوالیفائرز میں شرکت کرنی ہے لیکن ٹیم کے بہتر سامان کیلئے فنڈز موجود نہیں ۔ونواٹو نے ایسٹ ایشیا پیسفک کوالیفائرز میں جاپان کو شکست دے کر گلوبل کوالیفائرز کیلئے جگہ بنائی۔25 اپریل سے شروع ہونیوالے گلوبل کوالیفائرز میں ونواٹو کے علاوہ نیدرلینڈز، زمبابوے، آئرلینڈ ، یو اے ای ، سری لنکا ، تھائی لینڈ، سکاٹ لینڈ، امریکہ اور یوگنڈا کی ٹیمیں شریک ہیں۔ ونواٹو کی ٹیم کو بہتر سامان کیلئے ساڑھے 6 سے 7 ہزار ڈالرز درکار ہیں تاہم رقم جمع کرنے کیلئے ونواٹو کی کرکٹ ایسوسی ایشن نے عوام سے فنڈز کی درخواست کر دی۔ قومی ویمنز ٹیم کیلئے اب تک 3 ہزار ڈالرز کے فنڈ جمع ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ ونواٹو ویمنز ٹیم کو درکار رقم کسی فل ممبر ٹیم کے کھلاڑی کی ایک میچ فیس کے برابر ہے۔