لاہور(نامہ نگار)سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر مال روڈ پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ بند ہوگا۔شہر بھر میں کہیں بغیر ہیلمٹ کوئی موٹرسائیکل چلاتا نظر نہیں آئیگا۔مال روڈ فیصل چوک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے انتہائی مثبت اثرات سامنے آئے اور ہیڈ انجری کیسز میں نمایاں کمی ہوئی۔ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم سے ہسپتالوں میں غیر معمولی لوڈ میں کمی دیکھنے میں آئی،58 شہریوں نے اپنی قیمتی جانیں ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے گنوا دیں۔70 فیصد شہریوں کا ہیلمٹ پہننا خوش آئندہ ہے جبکہ مزید سختی کرنے کی ضرورت ہے۔رواں سال کے دوران 70 ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کیخلاف کارروائی کی گئی۔بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر دو ہزار روپے جرمانہ ہے۔بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو مال روڈ پر سفر نہیں کرنے دیا جائیگا، مال روڈ کیساتھ ساتھ کینال روڈ، جیل روڈ، سمیت تمام اہم شاہراہوں ، کاہنہ،نشتر،رائے ونڈ روڈ و دیگر مضافاتی شاہراہوں پر کریک ڈاؤن جاری رہیگا۔
بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کا مال روڈ پر داخلہ بند
Apr 18, 2024