اختیارات ‘ کرپشن، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کڑا احتساب ہو گا:آئی جی  

Apr 18, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ خواتین، بچوں اور گھریلو ملازمین پر ظلم و تشدد، ہراسگی اور زیادتی کے واقعات پر زیرو ٹالرنس کے تحت سخت کاروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اختیارات سے تجاوز، کرپشن، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کڑا احتساب ہو گا، پرفارمنس اور اکاؤنٹیبلٹی پر مبنی ایویلویشن سسٹم کے تحت  افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، انہوںنے ہدایت کی کہ ڈی پی اوز 1787 کمپلینٹ سنٹر پر موصول شکایات کا بروقت ازالہ کریں، دانستہ تاخیر کے ذمہ داران سرکل افسران سے جواب طلبی کی جائے۔ بارڈر چیک پوسٹوں پر سمگلنگ غیر قانونی سرگرمیوں کے تدارک کیلئے سپیشلائزڈ پولیس یونٹ کا قیام پر عمل میں لائیں گے۔ منشیات سمیت آرگنائزڈ کرائم کیخلاف مہم مزید تیز کی جائے جبکہ کچہ کریمنلز کی سرکوبی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہائی وے رابری میں ملوث گینگز کا موثر حکمت عملی، فعال پٹرولنگ سے خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ دہشتگردی و شرپسند سماج دشمن عناصر کے تدارک کیلئے سی ٹی ڈی کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھے۔دھاتی ڈور اور پتنگ بازی میں ملوث عادی مجرمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، انویسٹی گیشن اور پراسیکویشن  مقدمات کی ورک آؤٹ شرح کو بہتر یقینی بنائیں، بجلی چوری کے مقدمات کو موثر فالو اپ سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ چینی باشندوں کی سکیورٹی، رہائش گاہوں کے تحفظ اور روٹس کلیرنس کیلئے ڈی پی اوز ذاتی نگرانی میں اقدامات یقینی بنائیں، یہ ہدایات آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو جاری کیں۔انہوںنے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہے لہذا الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ ٹریفک اصلاحات کے واضح نتائج نظر آنے چاہیے، لاہور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنایا جائے۔

مزیدخبریں