خواتین ‘بچوں پر ظلم و تشدد کی روک تھام ترجیحات میں شامل :سی سی پی او

Apr 18, 2024

لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی صدارت میں کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں سول لائنزاوراقبال ٹاؤن ڈویژنز کی کارکردگی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں دونوں ڈویڑنزکی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ سی سی پی او نے خواتین اور بچوں سے متعلقہ جرائم کی روک تھام کیلئے موثراقدامات کی ہدایت کی۔انہوں نے فیلڈ افسران کو صنفی جرائم سے متعلقہ کیسز پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین اور بچوں سے ظلم و تشدد کے واقعات کی روک تھام لاہور پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوںنے واضح کیا کہ اختیارات سے تجاوزکرنے والے عناصر کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ ایس ڈی پی اوز کی ناقص کارکردگی پر ایس پیز بھی جوابدہ ہیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران پروفیشنل پولیسنگ پر توجہ دیں۔سی سی پی او لاہور نے آپریشنز اور انوسٹی گیشن ونگز کو جوائنٹ آپریشنز کرنے اور بیرون ملک فرار اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے قانونی کارروائیاں جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے اپنے فرائض دیانتداری اور جانفشانی سے سر انجام دے۔

مزیدخبریں