سوسائٹی کے پڑھے لکھے افراد اخلاقی سائنس پر توجہ دیں:حسن محی الدین قادری  

Apr 18, 2024

لاہور(خصوصی نامہ نگار ) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ سوسائٹی کے پڑھے لکھے افراد اخلاقی سائنس پر توجہ دیں۔ نوجوانوں کے اخلاق سنوارنا آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انسانیت کی فلاح و بہبود پر کی گئی سرمایہ کاری کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انسانیت کی سب سے زیادہ خدمت انہیں بامقصد علم دینا اور علم کے مواقع مہیا کرنا ہے۔ وہ گزشتہ روز مراکز علم اور علم کی ضرورت و اہمیت کے موضوع پر منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ فکری نشست میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور،نائب ناظمین اعلیٰ،فورمز کے صدور و ڈائریکٹر شعبہ جات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ فروغ علم و امن کے عظیم مقاصد کے حصول کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملک بھر میں 25 ہزار مراکز علم بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ منہاج القرآن کی جملہ تنطیمات اور ذمہ داران ہر گھر کو مرکز علم بنائیں۔ ہر طبقہ فکر کی علمی استعداد اور فہم کے مطابق ان کے اخلاق و کردار سنوارنے کیلئے نصاب مرتب کیا جائے اور سکالرز رضا کارانہ تعلیم و تعلم کے اس عظیم مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر وقت گلے شکوے کرنیوالی سوسائٹی بننے کی بجائے علم و تحقیق سے محبت کرنیوالے بننا ہوگا یہی بقا اور فلاح کا راستہ ہے۔

مزیدخبریں