جڑانوالہ؍ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملت ایکسپریس میں خاتون پر تشدد و ہلاکت کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں ریلوے پولیس کانسٹیبل میر حسن اور دو نامعلوم پولیس اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ تھانہ چنی گوٹھ میں قتل اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں متوفیہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ ریلوے پولیس اہلکار میری بہن کو بری نظر سے دیکھ رہا تھا، چھیڑ خانی سے منع کرنے پر پولیس اہلکار نے تشدد کیا۔ ایف آئی آر کے متن میں متوقیہ کے بھائی نے بتایا کہ بہن کو ملزمان نے چلتی ٹرین سے دھکا دیا ہے۔ ملت ایکسپریس میں پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ٹرین سے گر کر ہلاک ہونے والی خاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آ گئی۔ ٹرین میں خاتون پر تشدد اور بہاولپور میں قتل کا معاملہ، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت کیس کو ہائی پروفائل ڈکلیئر کردیا۔
ٹرین واقعہ: خاتون پر تشدد و ہلاکت کا مقدمہ 3 اہلکاروں پر درج
Apr 18, 2024