افغانستان سے در اندازی ناکام: سکیورٹی فورسز نے 7 دہشت گرد ہلاک کر دیئے

Apr 18, 2024

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دراندازی کرنے والے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان سے دہشتگردوں کا ایک گروپ پاک-افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع غلام خان کے علاقے سپنکئی میں انہیں گھیر لیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ساتوں دہشتگردوں کو جہنم میں بھیج دیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کا استعمال سے روکے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم  ہیں۔

مزیدخبریں