گوجرانوالہ‘ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے نے گیپکو کے 20 افسروں اور ملازمین کو گرفتار کرکے جعلی بلنگ اور بوگس انٹریز کرنے پر مقدمہ درج کرلیا۔ عدالت سے ملزموں کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ گیپکو نے ایف آئی اے کے ریجنل آفس کی بجلی منقطع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے گیپکو کے 20افسران اور ملازمین کو حراست میں لیکر ان کے خلاف جعلی بلنگ اور بوگس انٹریز کرنے پر مقدمہ درج کیا تھا۔ ملزموں میں پانچ ریونیو آفیسرز، اسسٹنٹ مینجر، ایڈیشنل مینجرز ،چھ ڈویژنل اکائوئنٹ آفیسرز ، پانچ کمرشل اسسٹنٹ اور دیگر ملازمین شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے سخت حفاظتی پہرہ میں تمام ملزمان کو چوہدری صفت اللہ کی عدالت میں پیش کیا۔ جبکہ گیپکو ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے گوجرانوالہ گیپکو کا نادہندہ تھا۔ ایف آئی اے کے ذمہ گیپکو کے ایک کروڑ سے زائد واجب الادا تھے اس وجہ سے بجلی کاٹی ہے۔ ایف آئی اے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایف آئی اے نے انکوائری مکمل ہونے پر گیپکو اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کیا۔ ملزمان بوگس سکرولز کے ذریعے ادائیگی کی جعلی انٹریز کرتے تھے۔ ملزمان کی جانب سے بینکوں سے موصول ہونے والے اصل بینک سکرولز میں اضافی اندراجات کیے گئے، مذکورہ سکرولز کو صارفین کے حوالہ نمبر کے حوالے سے پوسٹنگ/کریڈٹنگ کے لیے ہیڈ کواٹر بھیجا جاتا تھا، قومی خزانے کو سال 2023کے دوران مبینہ مجموعی طور پر 105ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ گرفتار ملزمان میں عبدالخالق، محمد وسیم، محمد ریاض، بلاول عباس، قیصر محمود، محمد اصغر، تاج انجم، نوید اکبر، فیصل اقبال، نوید اکبر، وقاص احمد ، محمد زبیر، محمد نعیم، غلام مرتضی، محمد عمران، محمد طیب، اسد رضا، محمد سعید، محمد عثمان، حافظ عمران اور سرفراز شامل ہیں۔ ادھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملک بھر میں اوور بلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دے دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اوور بلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اوور بلنگ میں ملوث عملے کے خلاف بلا امتیاز ایکشن کا حکم دیا ہے، اوور بلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ محسن نقوی نے ملک بھر میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا بھی حکم دیا اور ایف آئی اے کے افسروں کو اوور بلنگ اور بجلی چوروں کے خلاف 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا اوور بلنگ عوام سے ظلم کے مترادف ہے، ملوث عملہ کسی رعایت کا مستحق نہیں، اوور بلنگ کے معاملے پر عوام کو فوراً ریلیف دیا جائے۔ بجلی چوری کے واقعات پر قابو پانے کے لئے بلوچستان اور خیبرپی کے کے حساس علاقوں میں ایف آئی اے کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔