بیرون ملک جانے پر پابندی والی فہرستوں کی قانون میں گنجائش نہیں: جسٹس عامر

Apr 18, 2024

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی رائے حیدر علی کا نام پی این آئی ایل سے نکلوانے کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ، ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیوں لوگوں کے نام ایسی لسٹوں میں ڈال رہے ہیں؟۔ یہ ساری لسٹیں کون بناتا ہے، پتہ نہیں کون یہ سارے نام ڈال رہا ہے ۔ قانون میں ایسی لسٹوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ درخواست گزار کے وکیل  نے کہا کہ میرے موکل فیصل آباد سے منتخب ایم این اے ہیں، میرے موکل نے بیرون ملک جانا تھا لیکن ائیرپورٹ پر روک لیا گیا۔ بتایا گیا کہ نام پی این آئی ایل میں ہونے کی وجہ سے نہیں جا سکتے۔ اسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ پرانے نام تو بہت سے نکل گئے ہیں۔ باقی دیکھ لیتے ہیں کون سے رہ گئے ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ بہت سے نکل گئے تو بہت سے ابھی نہیں بھی نکلے ان کو بھی دیکھیں، کبھی کسی کا پاسپورٹ ضبط کر لیتے ہیں، کبھی سٹاپ لسٹ میں نام ڈالتے ہیں، ایسے نہ کریں۔ 25 اپریل کی تاریخ دے رہا ہوں، متعلقہ افسر کو بلائیں اور رپورٹ پیش کریں۔

مزیدخبریں