لاہور (خصوصی نامہ نگار) ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ نومنتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کراچی سے منصورہ پہنچ چکے ہیں اور وہ آج 18 اپریل (جمعرات) کو منصب امارت کا حلف اٹھائیں گے۔ مرکز جماعت اسلامی منصورہ میں حلف برداری کی تقریب کا آغاز بعد از نماز مغرب ہو گا اور اس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق، نائب امیر لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، راشد نسیم، امیر العظیم، مولانا عبدالمالک، جنرل اظہر اقبال حسن، سید وقاص جعفری، محمد اصغر، قیصر شریف اور دیگر شخصیات شریک ہوں گی۔ منصورہ سے جاری بیان میں قیصر شریف نے کہا کہ نومنتخب امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمٰن نے حلف برداری کی تقریب کے فوراً بعد مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اسی طرح انہوں نے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس بھی طلب کیا ہے جو کہ منصورہ میں ہی تین روز تک (19تا21 اپریل) جاری رہے گا۔