وزیر دفاع سے ایرانی سفیر کی ملاقات دفاعی شعبوں میں تعاون پر گفتگو

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی)   وزیردفاع سے ایرانی سفیر نے ملاقات کی جس کے دوران دفاعی شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔وزارت دفاع کی پریس ریلیز کے مطابق ایران کے سفیر رضا امیری مغادم نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑے خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیں۔وزیر دفاع نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا اور غزہ میں جنگ بندی کی جلد کامیابی اور مسئلہ فلسطین کے حل پر روشنی ڈالی۔مشترکہ سرحدی کمیشن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں اور اس معاملے پر مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ایرانی سفیر نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور توانائی کے شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات موجود ہیں۔دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ مفادات، سلامتی کو بڑھانے، انسداد دہشت گردی اور علاقائی اقتصادی رابطوں کے شعبوں میں اسے مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ آوٹ سورسنگ کے لیے مئی کے وسط تک تیار ہو جائے گا۔وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارا ہدف لاہور، کراچی، اسلام آباد کے ہوائی اڈوں کو آوٹ سورس کرنا ہے، ویزا پالیسی کی مشکلات پر قابو پاکر ملک قابلِ رسائی بنانا ہے۔انہوںنے کہاکہ اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی ایئر پورٹ بھی آئوٹ سورسنگ کے لیے تیار کر لیے جائیں گے۔وزیرِ دفاع نے کہا کہ پی آئی اے کو جلد ہی یورپی یونین اور برطانیہ سے کلیئرنس مل جائے گی۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہم بھرپور طریقے سے اس معاملے پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ویزا پالیسی پرانی ہے، دہائیوں پرانی ذہنیت اب بھی کام کر رہی ہے، ویزا پالیسی کی مشکلات پر قابو پالیں گے، اپنا ملک قابلِ رسائی بنائیں گے۔وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مسائل سے پوری طرح واقف ہیں، انہیں جلد حل کر لیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...