تہران؍ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ایران کے سالانہ فوجی دن کے موقع پر تہران میں آرمی پریڈ ہوئی۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سالانہ فوجی پریڈ سے خطاب میں کہا اسرائیل کے خلاف حملے سے ایرانی فوج کی قوت کا مظاہرہ ہوا۔ ایرانی حملے نے اسرائیل کے سمجھے جانے والے مضبوط تسلط کو توڑا ہے۔ اسرائیل کے خلاف حملہ محدود نوعیت کا تھا ایرانی وزیر خارجہ نے کہا نئے اسرائیلی حملے کا سیکنڈز میں جواب دیں گے۔ ترک صدر طیب اردگان نے کہا ایرانی قونصلیٹ پر حملہ ویانا کنونشن کی خلاف ورزی تھی۔ برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے کہا اسرائیل کی حفاظت کیلئے ہر ممکن مدد جاری ہے۔ ایران پر حملے سے گریز کرے۔ امریکا نے دھمکی دی ہے کہ آنے والے دنوں میں وہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کرے گا۔ امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس سے ایران کی تیل کی برآمدات کم ہو جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار جینٹ ییلن نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے اجلاس کے موقع پر ایک نیوز کانفرنس میں کیا۔ جینٹ ییلن نے بتایا کہ ان پابندیوں کا مقصد ایران کی دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ واضح طور پر ایران اب بھی کچھ ممالک کو تیل کی برآمدات جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی ممکنہ طور پر دہشت گردوں کی مالی معاونت میں استعمال ہو سکتی ہے۔ ادھر ایک امریکی سینئر اہلکار نے کہا کہ ہم نے چین اور جی-7 ممالک سمیت دنیا بھر کے تمام بڑے سپلائرز کے ساتھ بات کی ہے تاکہ ان تمام ممالک کو ایران سے درآمدات کو روک سکیں۔