2014 میں اپیل سماعت کے بعد اب مقرر ہوئی، وقت دیا تو مزید 10 سال گزر جائیں گے: سپریم کورٹ

Apr 18, 2024

لاہور (خبر نگار) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بینچ نے لیز اراضی پر رشتہ داروں کی جانب سے قبضے کیخلاف اپیل پر درخواست گزار کو وکیل کرنے کا موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سال 2014ء میں اپیل سماعت کے بعد آج مقرر ہوئی مگر آپ پھر وقت لینے آگئے ہیں، اگر وقت دیا تو پھر اسی طرح مزید دس سال گزر جائیں گے، اس اپیل میں پہلے ہی پانچ اپیل کنندگان اوپر جاچکے ہیں، آپ اس کیس کو ہائیکورٹ سے بھی ہار چکے ہیں، جب اپیل کی سماعت ہوگی تو عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔ اپیل کنندہ نے موقف اپنایا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کی بارہ کنال لیز کردہ اراضی محکمہ خوراک کو کرایہ پر دی، ہماری لیز کردہ اراضی پر سگے چچا نے قبضہ کرلیا، لیزشدہ اراضی کے کرائے اور قبضے کی واپسی کیلئے 1990 میں ہائیکورٹ سے رجوع کیا، سال 2014ء میں ہائیکورٹ نے ہماری درخواست مسترد کی جس کے فیصلے کو سپریم کورٹ چیلنج کیا۔

مزیدخبریں