پشاور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمن اپنا ریٹ لگوا رہے ہیں۔ ان کا غصہ ریٹ لگوانے کیلئے ہے۔ مولانا مال کیلئے ڈیل کر لیں گے۔ ملک اب مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ آٹھ فروری کو عوام کا اشارہ سمجھیں۔ مریم نواز کی کارکردگی ٹک ٹاک کیلئے ہے۔ خیبر پی کے میں روٹی پنجاب سے سستی ہے۔ ہم نے پنجاب میں بھی ہیلتھ کارڈ دیا تھا آپ نے بند کر دیا۔ ہم نے روٹی سستی کی‘ عملدرآمد کرا کے دکھائیں گے۔ سستی روٹی پر عملدرآمد نہ کرا سکا تو کرسی چھوڑ دوں گا۔ قوم مزید بے وقوف نہیں بن سکتی۔ علی امین گنڈا پور نے انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر کیسز جھوٹے ہیں، ہم بانی پی ٹی آئی کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ، یہ لوگ بتا رہے ہیں کہ اگر ایک پارٹی میں رہے تو فارم 45 کو فارم 47 میں تبدیل کر دیا جائے گا، قوم اور ملک کو اندھیروں میں نہ دھکیلیں، پی ڈی ایم ون کے بعد اب پی ڈی ایم ٹو سے ملک و قوم پر تجربے کرنا بند کریں، دیر آئے درست آئے، ان کو اب احساس ہوا ہے کہ غیر قانونی طور پر کسی کے گھر نہیں جاتے، میں ان کی فیملیز سے کہتا ہوں ان کو سمجھاؤ کہ ان حرکتوں سے باز آ جاؤ، اس طرح سے کسی کا منہ بند نہیں کیا جا سکتا، چالیس سال پنجاب میں حکومت کی، ایک ہسپتال نہیں بنایا، عوام کے لئے کام کرو اور جو حکم کرو اس پر عمل کرواؤ، میں اگر اپنے احکامات پر عمل نہ کروا سکا تو کرسی چھوڑ دوں گا، معاہدے ہوتے ہیں، اچھائی کے لئے معاہدہ کرنا کوئی بری بات نہیں، ایسے معاہدوں کو ڈیل کا نام دینا غلط ہے۔ فضل الرحمان کا تو گھر میں ووٹ نہیں، ڈی آئی خان میں لوگوں کو پکڑ پکڑ کر جے یو آئی ایف میں شامل کروایا گیا۔ میرا ورکر بھی فضل الرحمان کو شکست دے دے گا۔ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری ہوا، فضل الرحمان ساتھ دینے کو تیار ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں۔ فضل الرحمان اپنا ریٹ لگوانا چاہ رہا ہے۔
فضل الرحمٰن مال کیلئے ڈیل کر لیں گے، سستی روٹی نہ دے سکا تو کرسی چھوڑ دونگا: علی امین گنڈا پور
Apr 18, 2024