لاہور؍ قصور؍ فیصل آباد؍ سرگودھا؍ سیالکوٹ (خبرنگار+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ پنجاب کا روٹی نان کی قیمتوں پر ریلیف دینے کے پروگرام پر عمل درآمد شروع ہو گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی 2297 مقامات کی چیکنگ، 45 افراد گرفتار، 122 مقدمات درج کر لئے۔ روٹی و نان کی قیمتوں کی 311 خلاف ورزیوں پر 4 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد جبکہ لاہور میں مہنگی روٹی بیچنے والے بڑے معروف ریسٹورنٹ بھی سیل اور بھاری جرمانے کیے گئے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کے مطابق معروف شادمانی تندور، بندو خان گلبرگ، کیپری ہوٹل، ندیم تکہ اور رضوان برگر کو سیل کیا گیا۔ علاوہ ازیں اے سی ماڈل ٹاؤن نے 15 معروف مقامات سیل جبکہ 3 گرفتاریاں کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے فوڈ سٹریٹ میں مہنگی روٹی بیچنے والے 04 افراد کو گرفتار اور 15 کو جرمانے کیے۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے روٹی کی قیمت میں 4 روپے کمی کر دی ہے۔ حکومت کا اعلان ہے کہ شہر بھر میں ایک روٹی 16 روپے کی جبکہ نان 20 روپے کا ملے گا۔ ضلع قصور میں میں 100 گرام روٹی کی قیمت 16 روپے جبکہ 120 گرام نان کی قیمت 20 روپے مقرر زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا کریک ڈاؤن، دو روز میں 530 انسپیکشنز، 1لاکھ سے زائد جرمانے عائد، 11 ایف ائی آرز اور 6 تندور مالکان گرفتار کئے گئے۔ وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایات پر روٹی اور نان کی قیمت میں نمایاں کمی، 100گرام روٹی کی قیمت 16 روپے جبکہ 120گرام نان کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی کی زیر نگرانی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روٹی اور نان کی سرکاری نرخ ناموں پر فروخت کو یقینی بنانے کیلئے تندوروں اور ہوٹلز کی چیکنگ کر رہے ہیں۔ گزشتہ دو روز میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 530 تندوروں اور ہوٹلوں پر روٹی اور نان کی قیمت کے وزن اور چیک کیا۔ 73 ہوٹلز اور تندور مالکان کو وارننگ جاری کی گئی۔ فیصل آباد میں ضلعی افسران روٹی اور نان کی قیمت اور وزن چیک کرنے تندوروں و ہوٹلز پر پہنچ گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نعمان افضل اعوان، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایرج حیدر گوندل، ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس، تحصیلدار رانا عرفان اور دیگر افسروں نے ہوٹلوں کو چیک کیا۔ انہوں نے ستیانہ روڈ، سمندری روڈ ودیگر شاہرات پر قائم تندوروں پر جاکر روٹی کی مقرر کردہ قیمت 15 روپے کے مطابق فروخت اور اپنی نگرانی میں وزن چیک کیا۔ انہوں نے ریٹ لسٹ کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ روٹی اور نان کی مقرر کردہ قیمت پر عملدرآمد کرانے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرگرم عمل ہیں اور دو روز میں انسپکشن کے دوران مہنگے داموں روٹی فروخت کرنے پر گرانفروشوں کو پونے تین لاکھ روپے جرمانہ اور 10 دکانداروں کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے گئے۔ خریداروں سے کہا گیا کہ وہ روٹی اور نان کی مقررہ قیمت سے زائد وصولی کی اطلاع قیمت ایپ پنجاب یا فون نمبر 080002345 پر کریں۔ سرگودھا میں دوسرے روز بھی روٹی اور نان کے ریٹ اور وزن کو چیک کرتے ہوئے گراں فروشی پر سات مقامات پر ساڑھے 45 ہزار روپے جرمانہ کر کے چیکنگ مہم کو تیز کر دیا گیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کر دیا گیا جنہوں نے دوسرے روز ضلع میں 81 تندوروں اور ہوٹلوں پر چھاپے مار کر 7 جگہوں پر مہنگے داموں روٹی فروخت کرنے پر دوکانداروں کو ساڑھے 45 ہزار روپے جرمانہ کیا اور نرخ نامہ کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ارکان صوبائی اسمبلی کی زیر نگرانی مانیٹرنگ ٹیمیں روٹی کی سرکاری قیمت پر فروخت کیلئے متحرک ہو گئے، سو گرام وزنی تندوری روٹی 15 روپے میں فروخت نہ کرنے کی پاداش میں 17 تندور مالکان کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا، 5 تندوروں کو سربمہر، 3 کے خلاف مقدمات جبکہ 120 تندور اور ہوٹل مالکان کو مجموعی طور پر 4 لاکھ 52 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے بتائی۔ ارکان صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، فیصل اکرام اور نوید اشرف ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال اور اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام سرور کے علاوہ سپیشل پرائس مجسٹریٹس بھی موجود تھے۔ بعد ازاں اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور فیصل اکرام نے ایڈیشنل ڈپٹی ریونیو محمد اقبال اور اسسٹنٹ کمشنر غلام سرور کے ہمراہ شہر کے مختلف تندور اور ریسٹورنٹس کے اچانک دورے کئے اور روٹی کے وزن اور قیمت کی پڑتال کی اور کہا کہ مقررہ نرخ پر روٹی کی فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ضمن میں کسی سے رو رعایت نہیں برتی جائے گی۔