اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا کے تبادلے کے باعث بانی پی ٹی آئی کی6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمہ میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت بغیر کارروائی کے24 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف190 ملین پائونڈ سکینڈل ریفرنس کی سماعت19 اپریل تک ملتوی کر دی۔ نیب کی جانب سے مزید9 گواہان کو پیش کیا گیا۔ مجموعی طور پر نیب کے15 گواہوں کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ہیں جبکہ 13 گواہوں پر جرح مکمل کر لی گئی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید چھ گواہان کو طلب کر لیا ہے۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے طبی معائنے کی درخواست پر عدالت نے آج12 بجے تک ڈاکٹر عاصم یونس سے بشری بی بی کا طبی معائنہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں ریفرنس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔