لاہور(کامرس رپورٹر )لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء میں نقائص کی دوری کیلئے ترامیم تجویز کی جائیں گی۔ ایکٹ میں ترامیم کیلئے تمام متعلقہ محکموں سے تجاویز لی جائیں گی۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء میں مجوزہ ترامیم کے جائزہ کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ سیمنٹ پلانٹس کے قیام کی منظوری کیلئے ایری گیشن، لوکل گورنمنٹ ، انوائرمنٹ اور انڈسٹریز کے علاؤہ لاء ،لائیو سٹاک اور وائلڈ لائف سمیت تمام متعلقہ محکموں سے کلیئرنس کو یقینی بنایا جائے گا۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نجی یونیورسٹیوں کے معاملات کی نگرانی کیلئے یونیورسٹیز ایکٹ میں ترامیم تجویز کرے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور و وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے گزشتہ روز پنجاب سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں کابینہ کی سٹیڈنگ کمیٹی برائے قانون سازی و نجی کاری کے دوسرے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں صوبائی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ملک صہیب احمد بھرتھ، وزیر برائے لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان شامل تھے۔ وزیر اطلاعات عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کیلئے صنعت کاری کا فروغ ضروری ہے تاہم صوبے میں صرف انھیں صنعتوں کے قیام کی اجازت دی جائے گی جو تمام قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں گی۔ مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ پانی کی کمی کے پیش نظر فزیبیلٹی سٹڈی کے بغیر سیمنٹ پلانٹس میں غیر ضروری توسیع یا نئی سیمنٹ فیکٹریوں کے قیام کی منظوری نہیں دی جا سکتی۔ محکمہ ایری گیشن منظور شدہ سیمنٹ فیکٹریوں میں پانی کی مقررہ مقدار سے زیادہ استعمال کرنیوالوں کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائے۔ اجلاس میں گیریژن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیلئے ہلال امتیاز میجر جنرل خلیل ڈار اور ایمپیریل کالج آف بزنس سٹڈیز کی ریکٹر کیلئے ڈاکٹر طاہرہ عزیز کے ناموں کی منظوری دی گئی۔
قوانین پر پابند صنعتوں کو صوبے میں قیام کی اجازت دینگے:عظمیٰ بخاری
Apr 18, 2024