شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میںمبینہ طور پر’’نذرانہ‘‘کے عوض میڈیکو لیگل میں ردوبدل معمول بن گیا سادہ لوح سائلین خوار ہوکر رہ گئے ۔ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی کو تحریری شکایت پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جنہوں نے انکوائری کمیٹی بناکر مذکورہ ڈاکٹر کو تمام تر شواہد کی روشنی میں طلب کرلیا ۔پرویز افضل نے تحریری شکایت میں بتایا کہ ان کی ان کے مخالفین سے جھگڑا ہوگیا جب پولیس ایمرجنسی 15پر کال کی تو انہوںنے نوٹ کروایا کہ ڈنڈوں اور سوٹوں سے وار کئے گئے اور جب ایف آئی آر کا اندراج ہوا تو اس میں درج کروایا گیا کہ کلہاڑے کے وار ہوئے ہیں جب مذکورہ ڈاکٹر نے میڈیکو لیگل دیا تو اس میں لکھا گیا کہ ’’فائر‘‘ لگا ہے انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈاکٹر نے انکے مخالفین سے بھاری رشوت کے عوض میڈیکو لیگل ہی تبدیل کردیا ہے ان کاکہنا ہے کہ ڈاکٹر اکثر وبیشتر ڈیوٹی سے غائب رہتا ہے اور ڈی ایچ کیوہسپتال کے قریبی آبادی گھنگ روڈ پر پرائیویٹ کلینک بھی چلاتا ہے ۔