شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر میاں منور اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور دعویٰ ہے پانچ سال بعد مثالی وزیراعلی ثابت ہوں گی، معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی خدمت کی میراث کو آگے لے کر بڑھ رہی ہیں،طلبہ کو اپنی سواری کی سہولت دینے کے لئے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور حکومت والدین کا بوجھ بانٹنے کے لئے ایک ارب روپے کی سبسڈی دے گی،اسی طرح روٹی کی قیمت میں تاریخی کمی کی گئی ہے جس سے غریب طبقات کو سہولت میسر آئے گی۔ مسلم لیگ (ن) نے جس مشکل وقت میں ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالی ہے عوام اس سے بخوبی آگاہ ہیں،پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا۔