ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ریفرنس، پرویز الٰہی کے شریک ملزم نے پلی بارگین کرلی

Apr 18, 2024 | 16:45

 ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے شریک ملزم نے پلی بارگین کرلی،عدالت نے ملزم کی 67 لاکھ روپے پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی۔ احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے نیب لاہور کے مطابق ملزم حبیب قاسم سب انجینئر تھا، ملزم نے 40 فیصد پے آرڈر اکاوٴنٹ میں جمع کروا دیا۔ دریں اثناءاحتساب عدالت لاہور نے چوہدری پرویز الٰہی و دیگر کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس کی سماعت 9 مئی تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ریفرنس پر سماعت کی۔عدالت میں پرویز الٰہی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔ عدالت نے ریفرنس کی صاف کاپیاں فراہم کرنے کی درخواست پر وکلا سے دلائل طلب کرلئے اور کارروائی 9 مئی تک ملتوی کردی۔4 اپریل کو ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد نہیں ہو سکی تھی۔یاد رہے کہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی ،حبیب قاسم سمیت دیگر کے خلاف گجرات میں تعمیراتی ٹھیکوں میں کرپشن و کک بیکس کے الزامات کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد نیب نے گزشتہ سال 2 دسمبر کو ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا کرپشن ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کیا تھا۔ 

نیب لاہور کی جانب سے دائر ریفرنس میں پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا جنہوں نے ریفرنس کے مطابق 74 کروڑ 45 لاکھ روپے کے کک بیکس حاصل کئے تھے۔ریفرنس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سمیت دیگر ملزمان قومی خزانے کو نقصان پہنچانے میں ملوث پائے گئے تھے۔ پرویز الٰہی نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کک بیکس اور رشوت وصول کی تھی۔

مزیدخبریں