وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قرضوں کی معافی کے معاملے پر پورے ملک میں یکساں پالیسی اختیار کی جائے گی جبکہ امداد کی تقسیم کا عمل شفاف بنایا جائے گا۔  

Aug 18, 2010 | 00:24

سفیر یاؤ جنگ
وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد کیلئے خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی امیرحیدر خان ہوتی کو پانچ کروڑ روپے کا چیک دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہرممکن اقدامات کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے متاثرین میں ایک ہزار ٹن خواراک کے پیکٹ تقسیم کیے جائیں گے، اس مقصد کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز سے ضروری مقدار میں غذائی اجناس حاصل کر لی گئی ہیں۔ اس موقع پر خیبر پختون خوا کے ارکان پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا کہ متاثرین سیلاب کے قرضے معاف کردئیے جائیں اور چشمہ رائٹ بنک کینال کا منصوبہ بحال کیا جائے جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں جامع پالیسی وضع کی جائے گی۔ وزیراعظم  نے جمعرات کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کا اجلاس بھی طلب کیا ہے۔ اجلاس میں سیلاب کی صورت حال، امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا جائے گا۔
مزیدخبریں