سعودی عرب میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے جاری امدادی مہم میں پہلے روز سات کروڑ اسی لاکھ ریال جمع ہوئے، امدادی مہم رمضان کے پورے مہینے میں جاری رہے گی۔

اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کے ایک بیان کے مطابق پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے سعودی عرب میں شروع کی گئی امدادی مہم میں خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ نے ذاتی طور پر دوکروڑ ریال کا عطیہ دیا ہے۔ ولی عہد شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز نے ایک کروڑ ریال اور نائب وزیر داخلہ شہزادہ نائف بن عبدالعزیز نے پچاس لاکھ ریال کا عطیہ دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے منگل کی صبح عوامی مہم کا آغاز کیا گیا، مہم کے پہلے روزسات کروڑ اسی لاکھ ریال کی امدادی رقم کے علاوہ ضروریات زندگی کی دیگر اشیا جمع کی گئیں، امدادی مہم رمضان کے پورے مہینے میں جاری رہے گی اور سعودی شہریوں سے امداد وصول کی جائے گی۔ بیان کے مطابق سعودی ترقیاتی فنڈ کی جانب سے اقوام متحدہ کے اداروں کے ذریعے دی جانے والی امداد اس کے علاوہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن