مکرمی! یہ خبر کہ ہزاروں امریکی فوجیوں کو پاکستان میں تعینات کیا جا رہوا ہے یقیناً ہر پاکستانی مسلمان کے لئے فکری مندی کا باعث ہے۔ یہ اس خطے میں دوسری بار ہو گا کہ جب ماضی کی برطانوی ”ایسٹ انڈیا کمپنی“ نے تجارت کے نام پر اپنی افواج کو یہاں بھیجا تھا اور پھر وہ یہاں پر قابض ہو گئے۔ اب امریکی سیلاب زدگان کی مدد کے نام پر اسی تاریخ کو دہرانا چاہ رہے ہیں یہاں سوچنے کی بات ہے کہ وہ امریکی فوجی جو گزشتہ کئی سالوں سے عراق اور افغانستان میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام کر چکے ہیں اور جو ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستانی مسلمانوں کی جان لے چکے ہیں وہ کیسے سیلاب زدہ لوگوں کی جانوں کوبچائیںگے؟ حقیقت یہی ہے کہ جس طرح پہلے ہی امریکیوں کے لئے ہمارے ہوائی اڈے دے دیئے گئے ہیں اسی طرح پاکستان کو اندر سے کھوکھلا کرنے کے لئے ہزاروں امریکی قاتلوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی جا رہی ہے ۔ میں نوائے وقت کی وساطت سے پاکستانی مسلمانوں کی طرف سے مطالبہ کرنا چاہوں گا کہ ان امریکی قاتلوں کو فی الفور نکالا جائے یہ جان بچانا نہیں صرف جان لینا جانتے ہیں اور حکمرانوں کی اس غداری پر ہر سیاسی کارکن کو سراپا احتجاج بننا چاہیے۔(محمد سلیم سیھٹی کامونکی)