سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے احتجاجی جلسے کے شرکا پر تشدد کر کے سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ سمیت 25 حریت کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے سرینگر کے پرتاب پارک کے نزدیک شبیر احمد شاہ کی قیادت میں احتجاجی جلسے کے شرکا کو شدید تشدد کا نشانہ بنا یا جس سے متعدد کارکن زخمی ہو گئے۔ یہ جلسہ حریت رہنماﺅں کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی اور جعلی مقابلوں میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل کے خلاف کیا جا رہا تھا۔ دریں اثناءحریت رہنما سید علی گیلانی نے کل یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر مقبوضہ وادی میں پر امن مظاہروں کی کال دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ نماز جمعہ کے بعد ہر قصبے اور شہر میں پر امن مظاہرے کریں اور بھارت کو پیغام دیں کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے بل پر نہیں دبایا جا سکتا۔ سید علی گیلانی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرانے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔
مقبوضہ کشمیر
مقبوضہ کشمیر