وزیرآباد (نامہ نگار) اسلام آباد کے بعد وزیرآباد میں بھی سکندر پیدا ہو گیا۔ وزیرآبادکے رہائشی40 سالہ شخص گلزار نے اپنے نوجوان بیٹے کی با زیابی کیلئے احتجاج کرتے ہوئے مین بازار لاہوری دروازہ میں اسلحہ لہراتے ہوئے ٹریفک کو بلاک کر دیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ گورو کوٹھا کے رہائشی گلزار کا 16 سالہ بیٹا زمان جو مقامی کٹلری فیکٹری میں مزدوری کرتا تھا فیکٹری مالک نے اس پر چوری کا الزام لگایا جس کو گلزار اپنی ضمانت پر گھر لے آیا تھا اب گزشتہ چند روز سے زمان پراسرار طور پر لاپتہ ہے۔ گلزار کو شبہ ہے کہ فیکٹری مالک نے اس کے بچے کو اغوا کر رکھا ہے اور مقامی پولیس اس معاملے پر خاموش تماشائی بنی رہی جبکہ تھانہ میں اس کے بیٹے کی گمشدگی کی رپٹ بھی درج ہے۔جس پر بطور احتجاج گلزار نے گزشتہ صبح پستول لہرا کر مذکورہ بازار میں ٹریفک بلاک کرکے خوف وہراس پھیلا دیا۔ اس سلسلہ میں ایس ایچ او امیر عباس چدھڑ سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نشہ کا عادی ہے اور چند روز قبل اس کو دریائے چناب سے پستول بغیر میگزین کے ملا تھا جو کہ چلنے کی پوزیشن میں نہیں اسی کو لہرا کر نعرہ بازی کر رہا تھا اس کے علاوہ چند روز قبل اس نے اپنے بیٹے کی گمشدگی کی اطلاع دی تھی جس پر ہم نے مقدمہ درج کر کے تین افراد کو گرفتار کر رکھا ہے جن سے تفتیش پہلے ہی جاری ہے۔
”ایک اور سکندر“ وزیر آباد میں بیٹے کی بازیابی کیلئے باپ کا اسلحہ لہرا کر احتجاج،ٹریفک بلاک‘پولیس نے گرفتارکرلیا
Aug 18, 2013