حالات جنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں ‘ پاکستا ن نے ”مسلط کی“ تو سنبھلنے کا موقع نہیں د یں گے:فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ

Aug 18, 2013

سرینگر (آن لائن) بھارتی فوج نے پاکستان کو دھمکی دی ہے کہ وہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کردے ورنہ جوابی کارروائی پر مجبور ہونا پڑے گا‘ اگر پڑوسی ملک نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے سنبھلنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ نے ایک انٹرویو کے دوران الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں ہورہی ہیں اور حالات جنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے زبردستی جنگ تھوپی تھی جس کے نتائج دنیا کے سامنے ہیں کہ پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا آئندہ بھی اگر پڑوسی ملک نے اس غلطی کو دہرایا تو نتائج مختلف نہیں ہوں گے اور دشمن کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ بکرام سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان سمیت کسی بھی ملک کیساتھ جنگ کا خواہاں نہیں ہے تاہم سیاسی قیادت اور عوام نے اجازت دے دی ہے کہ اگر ملکی سالمیت اور خودمختاری پر کسی نے حملہ کیا تو اس کا منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔ فوجی سربراہ نے لائن آف کنٹرول پر تعینات تمام فورسز کو ہدایت کی کہ سرحدوں کی حفاظت کیلئے کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہ کرے جبکہ پاکستان کو باضابطہ طور پر دھمکی دی کہ اگر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو بھارتی فوج جوابی کارروائی کیلئے مجبور ہو گی اور اس کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

مزیدخبریں