مسلم لیگ ن نعروں اور دعوؤں کی بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے: حمزہ شہباز

Aug 18, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی پرخلوص کوشش اور ان کی ٹیم کی شبانہ روز محنت ضرور رنگ لائے گی۔ دہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور تباہ حال معیشت جیسے سنگین مسائل کے گرداب میں پھنسی قوم کی کشتی کو نواز شریف ہی کنارے لگائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر این اے  48 میں ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جسلے سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عقیل انجم سمیت مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل یہ نہیں ہے کہ ہمارے نوجوان بے روز گار اور بھکاری بنیں۔ میاں نواز شریف نے امداد لینے والا کشکول توڑ کر قوم کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کا حوصلہ دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نعروں اور بلند و بانگ دعوؤں کی بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے۔ قوم نواز شریف کی قیادت میں تمام بحرانوں کو شکست دے کر ترقی، وقار اور عظمت کے اس مقام پر پہنچے گی جس کا خواب قائداعظم و اقبال نے دیکھا تھا۔

مزیدخبریں