لاہور (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ مصر میں جمہوریت کا سقوط عالم اسلام میں مسلمانوں کے جمہوری ، سیاسی اورانتخابی حقوق چھیننے کی سازش ہے ۔ امریکہ اور یورپ مسلم ممالک پر من پسند غلام ذہن، نااہل اور بدکردار حکمرانوں کو ہی مسلط رکھنا چاہتے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل کی وظیفہ خور مصری فوج نے مصر میں جمہوریت پر شب خون ماراہے ۔ گلی کوچوں ، شاہراہوں اور چوراہوں پر روزانہ پرامن جمہوریت کے متلاشی احتجاجی مصریوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ عالمی برادری اور عالمی قوتوں نے مصری فوج کے قتل عام کا نوٹس نہ لیا تو پورا عالم عرب دہشتگردی اور تخریب کاری کی بدترین لپیٹ میں آ جائے گا۔ پاکستان کے خلاف بھارت کی تازہ محاذ آرائی گہری سازش ہے اس کی ذمہ دار بھارتی قیادت ہے ۔ بھارت پاکستان پرواٹر بم ، قحط بم ، دہشتگردی بم اور تخریب کاری بم برسا رہاہے۔ حکومت بھارت کے سامنے جھکنے کی بجائے واضح اور دو ٹوک قومی سلامتی کی پالیسی بنائے۔ امریکہ، یورپ اور عالم اسلامی کے لادین عناصر کو عرب میں اسلامی بہار اور تبدیلی پسند نہیں آئی۔ مصر کی اخوان المسلمون نے جمہوریت اور انتخابی شاہراہ پر چلتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔