لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے حکومت پر زور دیا ہے کہ خصوصی افراد کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے تاکہ نہ صرف وہ خود کفیل ہوسکیں بلکہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بہترین کردار بھی ادا کرسکیں۔ وہ لاہور چیمبر میں لبارڈ کی جانب سے خصوصی افراد میں کوکنگ کارٹ، موبائل فون رپیئرنگ کائونٹر، بیوٹی پارلر اور ہیئر کٹنگ سیلون کا سامان، سلائی مشینیں وغیرہ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر، سارک کے نائب صدر افتخار علی ملک، لبارڈ کے جائنٹ سیکریٹری احمر ملک، نغمانہ جاوید، گورننگ باڈی کے اراکین اور جی آئی زیڈ کے بلال مجید اور عمر سعید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ حکومت تمام عمارتوں اور پبلک مقامات پر معذور افراد کے لیے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے کیونکہ سہولیات کے فقدان کی وجہ سے معذور افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ ترقی یافتہ معذور افراد کی جانب خصوصی توجہ دیتے ہوئے ان کو خصوصی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔
’’خصوصی افراد کے مسائل حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں‘‘
Aug 18, 2015