لاہور انتظامیہ بے بس، دکاندار بے قابو، دودھ گوشت، روٹی نان کے من مانے ریٹ

Aug 18, 2015

لاہور (خبر نگار) ضلعی انتظامیہ لاہور شہر میں اشیائے خورد و نوش کی طے شدہ قیمتوں پر فروخت یقینی نہ بنا سکی۔ دودھ، دہی، بکرے، گائے کا گوشت، روٹی، نان مقررہ قیمتوں سے زیادہ پر دھڑلے سے فروخت کی جا رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دودھ فی لٹر 65 جبکہ دہی کی قیمت 75روپے کلو مقرر کر کے نوٹیفکیشن کیا گیا۔ یہ قیمتیں دودھ فروشوں کی ایسوسی ایشن سے مذاکرات کر کے طے کی گئیں مگر اس کے باوجود دودھ 70اور دہی 80 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح شہر میں بکرے کے گوشت کی قیمت 500اور گائے کے گوشت کی قیمت 250روپے کلو مقرر ہے مگر بکرے کا گوشت 700سے 800 روپے اور گائے کا گوشت 300سے 325روپے کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ گائے کے بغیر ہڈی کے گوشت کی قیمت 400روپے کلو وصول کی جا رہی ہے۔ بکرے کے گوشت کو پانی ملا کر فروخت کرنے کا مضر صحت طریقہ بھی وزن زیادہ کرنے کےلئے اختیار کیا جاتا ہے جبکہ شہر میں مضر صحت اور غیر قانونی مذبحہ خانوں سے آنیوالا جانوروں کا گوشت بھی دھڑلے سے فروخت کیا جا رہا ہے۔ روٹی کی قیمت 6روپے اور نان کی قیمت 8روپے مقرر کی گئی ہے مگر 6اور 8روپے میں 100گرام کی بجائے 80گرام کی روٹی اور نان فروخت کیا جارہا ہے۔ نان کی قیمت 8روپے سے زیادہ وصول کرنے کےلئے تل والا نان 10 سے 12 اور 15روپے تک میں فروخت کیا جاتا ہے۔ شہریوں نے ڈی سی او لاہور سے اس صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
مہنگا دودھ، گوشت

مزیدخبریں