کراچی (این این آئی) تحریک انصاف کے معطل رہنما جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ارکان کے پارلیمنٹ سے استعفے بندوق سے نکلی ہوئی گولی اور کمان سے نکلا ہوا تیر ہیں جو کبھی واپس نہیں ہوسکتے، استعفوں سے متعلق مولانا فضل الرحمن کا دوہرا معیار ہے، جب پی ٹی آئی کے ارکان مستعفی ہوئے تو مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان فارغ ہوچکے، آج وہ ایم کیو ایم کے ارکان کے بارے میں رائے تبدیل کرچکے ہیں اور کہتے ہیں کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان استعفیٰ واپس لے سکتے ہیں۔ وہ پیر کو تنظیم الاخوان کے زیر اہتمام پریس کلب میں سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اصولی بات ہے کہ جو ادارے آئین کے ماتحت ہیں اس سے منسلک کوئی بھی شخص سادہ کاغذ پر لکھ کر دیدے کہ وہ مستعفی ہو گیا ہے تو وہ مستعفی سمجھا جائے گا، اسی طرح اگر سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کا جج اپنا لکھا ہوا استعفیٰ صدر مملکت کو بھیج دے تو وہ بھی فارغ تصور ہوگا۔ وجیہہ الدین احمد نے مزید کہا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے اور عوام کو ان کا حق دلانے کے لئے ہر سطح پر بلاامتیاز احتساب ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اردو زبان کا شوشہ دانستہ طور پر چھوڑا گیا ہے جس کا مقصد موجودہ نظام کو تباہ کرنا ہے، یہ ان عناصر کا کارنامہ ہے جو اپنے بچوں کو بیرون ملک ایجوکیشن دلاکر انہیں ملک پر مسلط رکھنا چاہتے ہیں اور غریب عوام کے بچوں کو پیچھے رکھنے کے لئے تعلیم سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور خاص کر کراچی کے ٹرانسپورٹ کے نظام کو جان بوجھ کر تباہ کردیا گیا ہے اور میٹرو بس چلائی جارہی ہے جو عوام کے پیسے کے ضیاع کے علاوہ کچھ نہیں ہے، میٹروبس کا پیسہ اگر دیگر شعبوں میں استعمال کیا جائے تو اس سے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہوسکتا ہے۔ دریں اثناءآئی این پی کے مطابق جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے ہری پور کے ضمنی الیکشن میں شکست پر کہا کہ ضمنی الیکشن میں شکست پی ٹی آئی کی موجودہ پالیسیوں پر عوام کا عدم اعتماد کا اظہار ہے۔ ہری پور میں راجہ عامر کو نہیں پارٹی کے قبضہ مافیا کو شکست ہوئی۔
وجیہہ الدین
ضمنی الیکشن میں شکست پی ٹی آئی کی پالیسیوں پر عوام کا عدم اعتماد ہے: وجیہہ الدین متحدہ ارکان کے استعفے واپس نہیں ہوسکتے فضل الرحمن نے دوہرا معیار اپنا لیا، گفتگو
Aug 18, 2015